منڈگوڈ7؍اگست ( ایس او نیوز)ضلع شمالی کینرا میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی لاگو کرنے کے لئے کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔ منڈگوڈ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق تحصیلدار کی قیادت میں چار ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں دکانوں پر چھاپہ مارا اور 170کیلو گرام پلاسٹک کی اشیاء ضبط کرنے کے علاوہ 10350روپے جرمانہ بھی وصول کیا۔
دکانوں پر چھاپے مارنے سے قبل تحصیلدار اور ان کی ٹیم نے شیواجی سرکل پر جمع ہوکر پلاسٹک کے استعمال پر لگی پابندی کے بارے میں عوام سے خطاب کیا اور پلے کارڈس دکھائے اس کے مضرات کی جانکاری دی ۔چھاپے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ضبط کی گئی پلاسٹک کی اشیاء اور جرمانے کے تعلق سے تفصیلات بتاتے ہوئے تحصیلدار نے کہا کہ جن لوگوں نے جرمانہ دینے سے انکار کیا ہے ان کے خلاف دفعہ 107کے تحت کیس درج کیے گئے ہیں۔انہوں نے عوام کو یہ بھی وارننگ دی کہ اگر راستہ چلتے ہوئے عام آدمی کے پاس بھی پلاسٹک تھیلیاں نظر آئیں گی تو وہ بھی ان کے ہاتھوں سے چھین لی جائیں گی، اس لئے آئندہ کسی بھی حال میں پلاسٹک کا استعمال نہ کیا جائے۔